لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے عوام کو سستا آٹا اور گندم فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی منظور کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں فلور ملوں کو سبسڈی کے تحت فراہم کی جانے والی سرکاری گندم کا کوٹہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ فلور ملوں کو سرکاری گندم 3,800 روپے فی من کے حساب سے فراہم کی جارہی ہے۔
اجلاس کے دوران عوام کو سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے 10 ارب روپے کی سبسڈی دینے پر اتفاق کیا گیا، جس کی وزیراعلیٰ نے منظوری دے دی۔
مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو ہر صورت سستا آٹا اور گندم مہیا کی جائے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام پر مہنگائی کا بوجھ انتہائی تکلیف دہ ہے، اس لیے انہیں سستے آٹے کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو سستے آٹے اور سستی روٹی کی فراہمی جاری رکھی جائے گی۔







