امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر حملے کے مجرم ندال ملک کی سزائے موت براہ راست نشر کرنے کے معاملے پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے حملہ آور کی سزائے موت کی منظوری دے دی ہے، تاہم اس سزا کو براہ راست دکھانے کے بارے میں ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اس معاملے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ پینٹاگون کی جانب سے ندال ملک کی سزائے موت براہ راست نشر کی جائے گی یا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس سزا کو لائیو دکھایا بھی گیا تو وہ اسے نہیں دیکھیں گے۔
اس سے قبل پینٹاگون نے امریکی فوجی ندال ملک کی سزائے موت براہ راست نشر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر حملے کے مجرم کو 3 دسمبر کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت دی جائے گی۔
ندال ملک کو 2009 میں امریکی ریاست ٹیکساس کے فوجی اڈے پر فائرنگ کے واقعے میں سزا سنائی گئی تھی۔ اس حملے میں 13 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہوئے تھے۔







