کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے عندیہ دیا ہے کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کو 12 ٹیموں تک وسعت دینے کا منصوبہ جلد حقیقت بن سکتا ہے۔
ٹوڈ گرین برگ کے مطابق 2029-31 کے اگلے سائیکل کے لیے فارمیٹ میں تبدیلی زیر غور ہے تاکہ تمام ٹیسٹ کھیلنے والی اقوام کو چیمپئن شپ میں شرکت کا موقع دیا جا سکے۔ ممکنہ طور پر زمبابوے، آئرلینڈ اور افغانستان بھی اس نئے فارمیٹ کا حصہ بن سکتے ہیں۔
2019 میں شروع ہونے والی موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 9 ٹیمیں شریک ہیں، جبکہ ہر ٹیم دو سالہ سائیکل کے دوران 6 ٹیسٹ سیریز کھیلتی ہے۔
نئے ماڈل میں ایک میچ پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کو بھی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئی سی سی کے آئندہ اجلاس میں متوقع ہے۔
ٹوڈ گرین برگ نے خبردار کیا کہ طویل مدت میں ٹیسٹ کرکٹ کو مالی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے، کیونکہ متعدد ممالک کے لیے ریڈ بال کرکٹ کا ڈھانچہ برقرار رکھنا مسلسل مہنگا ہوتا جا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بعض ممالک کو اپنی ہوم سیریز کی تعداد کم کرکے بیرون ملک زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے پڑ سکتے ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا مستقبل میں جنوبی افریقا کے خلاف 5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کا خواہاں ہے، تاہم دونوں ٹیموں کے مصروف شیڈول کے باعث اس منصوبے پر عملدرآمد آسان نہیں ہوگا۔
پاکستان بھی آسٹریلیا کے لیے مستقبل میں طویل ٹیسٹ سیریز کے ممکنہ حریفوں میں شامل ہے۔
دوسری جانب ون ڈے کرکٹ کو مزید بامقصد بنانے کے لیے آئی سی سی کی سطح پر نئے ٹورنامنٹس اور مختلف فارمیٹس متعارف کرانے کی تجاویز پر بھی غور جاری ہے۔







