صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، جس سے ایک بار پھر سے دوبارہ بڑھتی گرمی دم توڑ گئی، نوشہرہ میں بھی بارش نے رنگ بدل دیا۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے پیشگوئی کی گئی تھی کہ 7اکتوبر تک تیز ہواں، گرج چمک اور بارش کا امکان ہے، اور اسی وجہ سے موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق پشاور میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، جبکہ نوشہرہ اور صوابی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی اطلاعات ہیں۔ضلع نوشہرہ اور گردونواع میں شدید آندھی اور طوفانی بارش اور شدید ژالہ باری نے ماحول یکسر بدل کر رکھ دیا، آسمان پر کالے بادل اور دن میں رات کے آثار نے شہریوں کے چہروں پر مسرت کی لہر دوڑا دی،پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں 2سے 4ڈگری سینٹی گریڈ تک کمی کا امکان ہے، جس سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے، ضلعی انتظامیہ کو دریاوں، ندی نالوں اور برساتی نالوں کی مسلسل نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میںبارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، صوابی بھر میں بھی موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری نے جل تھل ایک کر دیا، بارش کے باعث موسم خوشگوار اور سرد ہو گیا، جبکہ ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس سے کاشتکاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے، ندی لالون میں طغیانی آ گئی، جبکہ کئی مقامات پر بجلی کی سپلائی بھی معطل ہو گئی ہے۔ ضلع مالاکنڈ میں بھی رات گئے سے تیزبارش جاری ہے، تحصیل درگئی،بٹ خیلہ اور دیگر علاقوں میں بھی بارش سے موسم سردہوگیا، تاہم دوسری جانب بارش کے باعث بجلی کے کئی فیڈرز ٹرپ ہوگئے۔ضلع نوشہرہ میں طوفانی بارش سے تباہی پھیل گئی، اس دوران تحصیل جھانگیرہ میں صبح سے جاری شدید طوفانی بارش اور ژالہ باری سے علاقہ شیدو میں متعدد گھروں کی چاردیواریاں گر گئیں۔ذرائع کے مطابق نوشہرہ میں متعدد گھروں کی چھتوں میں لگے سولر پینل بھی زمین بوس ہو گئے، جبکہ اس سے بجلی کی تاریں بمعہ پول بھی گر گئے، جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ذرائع کے مطابق شیدو کے علاقہ میں صبح طوفانی بارش سے 6 بھیڑیں بھی ہلاک ہو گئیں، جبکہ علاقہ نڑی گورنمنٹ ہائی سکول کی چاردیواری منہدم ہونے کے علاوہ درخت اور بجلی پول اکھڑ گئے۔یاد رہے کہ صوبہ کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع نوشہرہ میں طوفانی بارش سے تباہی پھیل گئی، علاقہ شیدو میں متعدد گھروں کی چاردیواریاں گر گئیں، جبکہ بجلی کے پول اور سولر پینل زمین پر آ گرے .ضلع ہری پور میں تربیلا روڈ لارنسپور کے مقام پر آسمانی بجلی گرنے سے 22 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ افسوسناک واقعہ تحصیل حضرو کے علاقے لارنسپور تربیلا روڈ پر پیش آیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق نوید ولد فضل نامی 22 سالہ نوجوان آسمانی بجلی کی زد میں آکر شدید متاثر ہوا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔







