واٹس ایپ استعمال کرنے والے ایسے صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آئی ہے جو کئی سال پرانے اسمارٹ فونز استعمال کر رہے ہیں۔ میٹا کی جانب سے پرانے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے فونز میں واٹس ایپ لاگ ان کو بلاک کرنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ پرانے فونز استعمال کرنے والے صارفین کو ایک وارننگ دکھائے گا۔ یہ تنبیہ ایپ کے پرانے ورژن کے بجائے فون کے آپریٹنگ سسٹم سے متعلق ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق اگر صارف اپنے فون کا آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹ نہیں کر سکے گا تو واٹس ایپ کا استعمال جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔ ایسی صورت میں ایپ تک دوبارہ رسائی کے لیے نئے فون کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
ایک مرتبہ وارننگ ظاہر ہونے کے بعد صارف اسے نظرانداز کرکے واٹس ایپ پر لاگ ان نہیں کرسکیں گے۔ تاہم رپورٹ میں ابھی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کن پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر یہ لاگ ان بلاکنگ لاگو ہوگی۔
واٹس ایپ نے حال ہی میں اینڈرائیڈ 5.0 اور 5.1 پر چلنے والے فونز کے لیے سپورٹ ختم کردی تھی اور اینڈرائیڈ 6 یا اس کے بعد کے ورژن کی ضرورت قرار دی تھی۔
اسی طرح 30 نومبر 2026 سے آئی فونز پر واٹس ایپ استعمال کرنے کے لیے آئی او ایس 15.5 درکار ہوگا۔ اس صورتحال میں امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لاگ ان بلاک ہونے کی وارننگ مذکورہ ورژنز سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے فونز پر ظاہر ہوسکتی ہے۔
فی الحال سپورٹ ختم کیے جانے کے باوجود بعض صارفین واٹس ایپ کے ذریعے پیغامات بھیجنے کے قابل ہیں، تاہم نئی تبدیلی کے مکمل نفاذ کے بعد متاثرہ فونز پر ایپ استعمال کرنا ممکن نہیں رہے گا۔
واٹس ایپ کی جانب سے اس تبدیلی کا مکمل اطلاق کب ہوگا، اس حوالے سے فی الحال واضح تاریخ سامنے نہیں آئی۔

