کرسٹیانو رونالڈو کے پرتگال کی قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑنے کے بعد ٹیم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کے فالوورز میں راتوں رات 20 لاکھ کی کمی ہوگئی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق رونالڈو نے رات 2 بجے پرتگال ٹیم کو چھوڑا، جس کے چند گھنٹے بعد منتظمین نے ان کا مشہور جرسی نمبر 7 ایک اور کھلاڑی کو دے دیا۔
رپورٹ کے مطابق صبح 10 بجے رونالڈو کا جرسی نمبر 7 دوسرے کھلاڑی کو الاٹ کیا گیا، جس پر رونالڈو کے مداحوں میں بے چینی اور غم و غصہ دیکھنے میں آیا۔
دنیا بھر میں رونالڈو کے مداحوں نے پرتگال کی قومی ٹیم کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ کو ان فالو کرنا شروع کردیا۔
پرتگال ٹیم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پہلے 25 ملین فالوورز تھے، جن میں سے 20 لاکھ نے راتوں رات اکاؤنٹ کو ان فالو کردیا، جس کے بعد فالوورز کی تعداد 23 ملین رہ گئی جبکہ اس میں مزید کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
رونالڈو کا جرسی نمبر 7 حاصل کرنے والے کھلاڑی نے بتایا کہ وہ یہ نمبر نہیں لینا چاہتا تھا۔ اس نے اپنے کوچز سے کہا کہ رونالڈو کی عزت کی جانی چاہیے کیونکہ وہ ابھی ٹیم سے گئے ہیں اور ایسے میں ان کا نمبر لینا مناسب نہیں۔
کھلاڑی کے مطابق کوچز کی جانب سے دباؤ ڈالے جانے کے بعد اسے رونالڈو کا نمبر 7 لینا پڑا۔







