شاداب کے معاملے پر توصیف اور ثقلین مشتاق آمنے سامنے

قومی ٹیم کے اسپن آل راؤنڈر شاداب خان کی ٹیم میں شمولیت کے معاملے پر پاکستان کے سابق اسپنرز توصیف احمد اور ثقلین مشتاق کے درمیان اختلاف سامنے آگیا۔

توصیف احمد نے سوشل میڈیا پر نشر ہونے والے ایک پروگرام میں ثقلین مشتاق پر شاداب خان کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ثقلین مشتاق کو اپنے داماد شاداب کے سوا کچھ نظر نہیں آتا اور کسی کھلاڑی کی حمایت کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔

توصیف احمد نے دعویٰ کیا کہ ثقلین مشتاق نے انہیں فون کیا اور کسی دوسرے شخص کے ذریعے بھی بات کروائی، جس کی ریکارڈنگ ان کے پاس موجود ہے۔

انہوں نے شاداب خان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بعض کھلاڑی باہر سے آکر کنٹریکٹ حاصل کرلیتے ہیں، جبکہ کپتان شان مسعود کو سی یا ڈی کیٹیگری دی جاتی ہے۔ ان کے مطابق فٹنس مسائل کے باوجود بعض کھلاڑیوں کو مواقع ملتے ہیں اور ان کی حمایت کی جاتی ہے۔

توصیف احمد نے کہا کہ وہ تمام کھلاڑیوں کے بارے میں بات نہیں کررہے، تاہم ان کے مطابق بعض سابق عظیم کھلاڑی کوچنگ کے شعبے میں ناکام رہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی کھلاڑی اچھی کارکردگی نہیں دکھا رہا اور پھر بھی اسے ترجیح دی جائے تو سفیان مقیم کا کیا قصور ہے۔

دوسری جانب ثقلین مشتاق نے سوشل میڈیا پر توصیف احمد کے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے پاس ریکارڈنگ موجود ہے تو اسے عوام کے سامنے جاری کریں۔

ثقلین مشتاق نے کہا کہ انہوں نے توصیف احمد کو احترام کے ساتھ فون کیا تھا کیونکہ وہ انہیں اپنا سینئر سمجھ کر عزت دیتے تھے۔

انہوں نے توصیف احمد سے کہا کہ جھوٹ نہ بولیں، حقائق نہ چھپائیں اور معاملے کو توڑ مروڑ کر پیش نہ کریں۔ ثقلین مشتاق کے مطابق ان کے پاس بھی مکمل ریکارڈ موجود ہے اور اگر توصیف احمد اپنا ریکارڈ جاری کریں گے تو وہ بھی اپنا ریکارڈ عوام کے سامنے لے آئیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed