لندن : رپورٹ،سید عاصم علی قادری
برسٹل سے تعلق رکھنے والی 80 سالہ اسکواش کھلاڑی این مینلی (Ann Manley) نے آسٹریلیا کے شہر پرتھ میں منعقد ہونے والی ورلڈ اسکواش ماسٹرز چیمپئن شپ میں 80 سال سے زائد عمر کی کیٹیگری کا ٹائٹل جیت کر خواتین کے اسکواش ماسٹرز ٹائٹلز کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔اس کامیابی کے بعد این مینلی کے مجموعی ماسٹرز ٹائٹلز کی تعداد سات ہوگئی ہے۔ وہ مختلف عمر کی کیٹیگریز میں یہ اعزازات حاصل کرچکی ہیں اور اب آسٹریلیا کے جیف ڈیوین پورٹ (Geoff Davenport) کے ساتھ مشترکہ طور پر سب سے زیادہ ماسٹرز ٹائٹلز جیتنے والی کھلاڑی بن گئی ہوں ۔این مینلی کا تعلق انگلینڈ کے شہر برسٹل کے علاقے اسٹوِک بشپ (Stoke Bishop) سے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں نوعمری ہی سے اسکواش کھیلنے کا شوق تھا۔ این مینلی کا کہنا ہے کہ عمر کے لحاظ سے مختلف کیٹیگریز میں مقابلے ہونے کی وجہ سے کھلاڑی اپنی عمر کے مطابق کھیل جاری رکھ سکتے ہیں۔این مینلی کئی دہائیوں سے اسکواش کے میدان میں سرگرم ہیں۔ 1985 میں بھی انہیں اوور 40 نیشنل اسکواش چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل ہوئی تھی وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے اپنی کھیلنے کی حکمت عملی اور انداز میں تبدیلیاں کیں تاکہ زیادہ عمر کے باوجود اعلی سطح پر مقابلہ جاری رکھ سکیں۔این مینلی برسٹل کے ریڈلینڈ گرین اسکواش اینڈ ٹینس کلب میں تربیت حاصل کرتی ہیں۔ این مینلی کی حالیہ کامیابی نے ثابت کیا ہے کہ کھیل میں عمر ہمیشہ رکاوٹ نہیں بنتی اور مناسب فٹنس، تجربے اور کھیل سے وابستگی کے ذریعے عمر رسیدہ کھلاڑی بھی عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرسکتے ہیں







