وزیراعلی خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی اور قائد حزب اختلاف سینٹ علامہ راجہ ناصر عباس سے اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پنجاب میں جاری اسٹریٹ موومنٹ، پنجاب حکومت کی جانب سے اختیار کیے گئے اقدامات و رویہ ، 27 ستمبر کے لانگ مارچ اور آئندہ کی سیاسی و جمہوری حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں وزیراعلی سہیل آفریدی نے پنجاب میں سٹریٹ موومنٹ سرگرمیوں اور پنجاب حکومت کے غیر جمہوری اور غیر قانونی اقدامات اور فسطائیت بھرے رویئے پر قائدین کو تفصیلی بریفنگ دی۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس نے وزیراعلی سہیل آفریدی کی پرامن اسٹریٹ موومنٹ کو سراہا جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے سیاسی کارکنوں اور جمہوری آوازوں کے خلاف اقدامات کی شدید مذمت کی گئی۔ قائدین نے کہا کہ سیاسی اختلاف کو دبانے کیلئے ریاستی طاقت کا استعمال جمہوری اقدار، آئینی آزادیوں اور سیاسی رواداری کے صریحاً منافی ہے۔ ملاقات میں 27 ستمبر کے مارچ اور آئندہ کی سیاسی و جمہوری حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں 27 ستمبر کے مارچ اور آئندہ کی سیاسی و جمہوری حکمتِ عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ 27 ستمبر کا مارچ مکمل طور پر پرامن، آئینی اور جمہوری ہوگا۔ قائدین نے کہا کہ عوام اپنے آئینی و جمہوری حقوق کے لیے 27 ستمبر کو سڑکوں پر نکلیں گے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبوں کے آئینی حقوق پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ آئین کی بالادستی، جمہوریت کے تحفظ اور عوام کے مینڈیٹ کے احترام کیلئے جمہوری قوتوں کا متحد ہونا ضروری ہے۔ قائدین نے اس امر پر بھی اتفاق کیا کہ موجودہ حالات میں خاموشی یا مصلحت کے بجائے آئین اور جمہوری اصولوں کے دفاع کے لیے واضح اور موثر سیاسی کردار ادا کرنا ناگزیر ہے۔ ملاقات میں صوبائی وزیر اطلاعات و سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان، مشیر جیل خانہ جات افتخار اللہ جان، ترجمان تحریک تحفظِ آئین پاکستان حسین احمد یوسفزئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے لیگل کونسل خالد یوسف چوہدری بھی موجود تھے۔







