ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خوشخبری آگئی ، لائسنس چند منٹ میں تیار ہوجائے گا۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے بھر میں ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس سسٹم متعارف کرا دیا، جس کے تحت شہری اب اپنا ڈرائیونگ لائسنس موبائل فون پر ہی محفوظ کرکے ضرورت کے وقت پیش کرسکیں گے۔نئی سہولت کے تحت شہری رابطہ ایپ کے ذریعے اپنا شناختی کارڈ نمبر درج کرکے آن لائن ای لائسنس حاصل کرسکتے ہیں۔ڈیجیٹل لائسنس چند منٹ میں تیار ہوجائے گا جسے ٹریفک اہلکار کے مطالبے پر موبائل فون پر دکھایا جاسکے گا۔حکام نے پشاور کے ٹریفک اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کو قانونی طور پر قابل قبول سمجھا جائے۔شہری کے پاس فزیکل لائسنس موجود نہ ہو لیکن وہ موبائل فون پر درست ڈیجیٹل لائسنس پیش کردے تو صرف فزیکل لائسنس نہ رکھنے پر جرمانہ نہیں کیا جائے گا۔حکام کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل لائسنس کی سہولت سے ٹریفک سے متعلق خدمات میں آسانی پیدا ہوگی اور شہریوں کو کاغذی دستاویزات ساتھ رکھنے کی ضرورت کم ہوگی۔ لائسنس کی معلومات کو ڈیجیٹل طور پر بھی تصدیق کیا جاسکے گا، جس سے سڑکوں پر چیکنگ کا عمل تیز اور شفاف بنانے میں مدد ملے گی۔چیف ٹریفک آفیسر پشاور ڈاکٹر محمد زاہد نے ڈیجیٹل ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کو ٹریفک پولیس کے نظام میں ٹیکنالوجی کے استعمال کی جانب اہم قدم قرار دیا۔نئی سہولت سے ان شہریوں کو بھی فائدہ ہوگا جو اپنا فزیکل ڈرائیونگ لائسنس بھول جاتے ہیں یا گم کر بیٹھتے ہیں، جبکہ یہ اقدام خیبرپختونخوا پولیس کی عوامی خدمات کو ڈیجیٹل بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔







