کرغزستان میں چھٹے ورلڈ نومیڈ گیمز 2026 کا آغاز ہوگیا، عالمی مقابلوں میں پاکستان کا دستہ بھی شریک ہے۔ گیمز 31اگست سے 6 ستمبر تک جاری رہیں گی۔

افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد خان ترند نے چیئرمین ٹریڈیشنل اسپورٹس اینڈ گیمز پاکستان ایسوسی ایشن نواب فرقان خان اور ورلڈ نومیڈ گیمز کے تصور کے بانی اشکت اکیمبایف کے ہمراہ شرکت کی۔اس موقع پر تاج محمد خان ترند نے اشکت اکیمبایف کو روایتی چترالی پکول کا تحفہ پیش کیا۔

پکول خیبرپختونخوا کے ثقافتی ورثے اور روایتی مہمان نوازی کی علامت ہے۔تاج محمد خان ترند نے کہا کہ ورلڈ نومیڈ گیمز روایتی کھیلوں کے فروغ کے ساتھ مختلف اقوام کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور ثقافتی روابط کے فروغ کا بہترین ذریعہ ہیں۔

خیبرپختونخوا کی قدیم ثقافت، روایات اور روایتی کھیلوں کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہمارے لیے باعثِ فخر ہے۔گیمز میں مختلف ممالک کے کھلاڑی گھڑ سواری، روایتی کشتی، تیراندازی، زورخانہ اور دیگر روایتی کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا سے صوبائی کبڈی ایسوسی ایشن کے صدر اور زورخانہ کھیل سے وابستہ عہدیدار ارباب نصیر احمد بھی ورلڈ نومیڈ گیمز میں شریک ہیں۔







