صوبائی دارالحکومت میں شدید گرمی کے دوران بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور بار بار ٹرپنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے، مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے اور اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند کر دی گئیں۔تہکال کے شہریوں نے بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مین یونیورسٹی روڈ کافی دیر تک بلاکرکھا، جبکہ چمکنی میں مظاہرین نے تھانہ چمکنی کے قریب مین جی ٹی روڈ بند کرکے ٹریفک معطل کردی۔جی ٹی روڈ اور یونیورسٹی روڈ کی بندش کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ شدید گرمی کے دوران لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مسلسل بڑھ رہا ہے اور بار بار ٹرپنگ نے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ بجلی کی عدم دستیابی سے گھریلو معمولات، نجی زندگی اور کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا فوری نوٹس لے کر بجلی کی فراہمی بحال اور ٹرپنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے۔







