رینگ روڈ پر اباسین یونیورسٹی کے قریب مبینہ طور پر دیرینہ دشمنی کی بنا پر فائرنگ کرکے یونیورسٹی کے طالب علم کو قتل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق مقتول کی شناخت ساجد خان ولد غریب گل، سکنہ گل آباد کے نام سے ہوئی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ ساجد خان اباسین یونیورسٹی کا طالب علم تھا اور گزشتہ شب پنجاب سے پشاور واپس آیا تھا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے اباسین یونیورسٹی کے قریب اسے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔واقعے کے بعد مقتول کے ورثا فقیر آباد پولیس اسٹیشن پہنچ گئے، جبکہ پولیس نے واقعے سے متعلق شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ابتدائی طور پر قتل کی وجہ سابقہ دشمنی بتائی جا رہی ہے، تاہم واقعے کے محرکات اور ملزمان سے متعلق مزید معلومات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔







