شانگلہ سمیت مختلف بالائی علاقوں میں آج سے 21 اگست تک ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے نیشنل ویدر فورکاسٹنگ سینٹر نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں 17 سے 21 اگست کے دوران وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے گر روز کو جاری کیے گئے موسمی الرٹ کے مطابق خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سمیت شانگلہ میں بھی بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا میں آج شام یا رات سے 21 اگست کے دوران شانگلہ، چترال، دیر، سوات، کوہستان، ملاکنڈ، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور اور دیگر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے بعد شانگلہ کے پہاڑی علاقوں میں رہنے والے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے۔ بارش کے دوران پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن، حد نگاہ میں کمی اور ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے امکانات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز اور محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔شانگلہ کے مختلف علاقوں میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث پہلے ہی سڑکوں، رابطہ راستوں اور پہاڑی آبادیوں کو مشکلات کا سامنا رہا ہے اس لیے مزید بارشوں کے دوران ضلعی انتظامیہ، متعلقہ محکموں اور شاہراہوں کی نگرانی کرنے والے اداروں کو الرٹ رہنے کی ضرورت ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت کارروائی کی جا سکے







