سڈنی(طارق محمودمرزا)
میری پہچان پاکستان کی 11ویں سالانہ تقریب سڈنی میں نہایت شاندار اور رنگا رنگ انداز میں منعقد ہوئی جس میں پاکستانی ثقافت، تہذیب و تمدن، موسیقی، نوجوانوں کی صلاحیتوں اور کمیونٹی کے جذبے کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان کے قونصل جنرل قمر زمان سمیت آسٹریلوی پارلیمنٹ کے ارکان اور سینیٹر مہرین فاروقی، مصنف و محقق طارق مرزا نے بھی شرکت کی۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد، پاکستانی کمیونٹی کے نمائندوں، خاندانوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نے پروگرام میں شرکت کرکے اسے یادگار بنا دیا۔تقریب کا نمایاں پہلو بچوں اور نوجوانوں کی شاندار پرفارمنسز تھیں، جن کے ذریعے انہوں نے پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت، روایات اور تہذیبی رنگوں کو خوبصورتی سے پیش کیا۔ بچوں نے ملی نغمے اور پاکستانی گیت پیش کیے، تقریری مقابلوں میں حصہ لیا جبکہ مختلف ثقافتی پروگراموں نے حاضرین کو محظوظ کیا۔رنگا رنگ ملبوسات، پاکستانی موسیقی، ثقافتی پرفارمنسز اور نوجوانوں کے جوش و جذبے نے تقریب کو ایک منفرد اور یادگار حیثیت دی۔ پروگرام میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد اور نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے اعزازات بھی پیش کیے گئے۔مقررین نے اس موقع پر کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے اپنی نئی نسل کو پاکستان کی تاریخ، ثقافت، زبان اور روایات سے جوڑنا انتہائی اہم ہے۔ میری پہچان پاکستان جیسی تقریبات نہ صرف پاکستانی کمیونٹی کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرتی ہیں بلکہ آسٹریلوی معاشرے میں پاکستان کے مثبت اور خوبصورت تشخص کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔تقریب کے منتظمین نے تمام مہمانوں، فنکاروں، بچوں، رضاکاروں اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد پاکستان کی ثقافتی شناخت، نوجوانوں کی صلاحیتوں اور کمیونٹی کے اتحاد کو اجاگر کرنا ہے۔میری پہچان پاکستان 2026 بلاشبہ پاکستانی ثقافت، قومی جذبے اور کمیونٹی یکجہتی کا ایک خوبصورت مظہر ثابت ہوئی، جس نے سڈنی میں بسنے والے پاکستانیوں کو اپنے وطن کی ثقافت اور روایات سے وابستگی کا ایک یادگار موقع فراہم کیا۔







