پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شیخ وقاص اکرم نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کی صحت ہماری ریڈلائن ہے، اس معاملے پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں اور زیر التوا مقدمات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس سے معاملے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ملاقات کے حوالے سے تشویش کا اظہار کیا۔شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ عمران خان کی صحت ہماری ریڈلائن ہے، اور اس ریڈ لائن کو عبور نہیں کرنے دیا جائے گا، ان صحت کے بارے میں پارٹی کو مکمل معلومات نہیں مل رہیں، جبکہ ملاقاتیں نہ ہونے کی وجہ سے مختلف خبریں اور قیاس آرائیاں پھیلتی ہیں جس سے کارکنان سخت پریشان ہوتے ہیں۔انہوں نے دعوی کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ سے متعلق سامنے آنے والی خبر درست ہے، تاہم ملاقاتوں کی عدم دستیابی کے باعث ان کی صحت کے بارے میں صورتحال واضح نہیں ہوپارہی۔شیخ وقاص اکرم نے چیف جسٹس سے اپیل کی کہ بانی پی ٹی آئی کے زیر التوا کیسز اور ملاقاتوں کا نوٹس لیا جائے اور کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں۔پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو نہ خاندان اور نہ ہی پارٹی رہنماں سے ملاقات کی اجازت دی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی نے ہمیشہ پرامن احتجاج کو اپنا حق سمجھا ہے اور آئندہ بھی پرامن احتجاج جاری رکھا جائے گا، پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے اور تشدد کا سہارا نہیں لیتی، بلکہ عدالتوں کے ذریعے انصاف حاصل کرنے کی کوشش کرے گی۔شیخ وقاص اکرم نے دو خواتین کے جاں بحق ہونے کے معاملے پر بھی سخت تشویش کا اظہار کیا، اور کہا کہ دو بچیاں پولیس کے پاس صحت یاب حالت میں جاتی ہیں اور بعد میں ان کی لاشیں ملتی ہیں، اس لئے متعلقہ تھانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے لائی جائے اور تحقیقات کی جائیں کہ خواتین کو مردوں کے تھانے میں کیوں لے جایا گیا، جبکہ خواتین کے لیے الگ تھانے موجود ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اس معاملے کو ٹھنڈا نہیں ہونے دے گی اور انصاف کے حصول کے لیے قانونی راستہ اختیار کیا جائے گا۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ لاکھ کوششوں کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکا، پی ٹی آئی ووٹرز کے احترام کی بات کرتی ہے۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پرامن احتجاج ان کا حق ہے اور وہ یہ حق استعمال کرتے رہیں گے۔







