پشاور کے علاقے مچنی گیٹ میں غیرت کے نام پر باپ نے بیٹی اور نوجوان کو قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق مچنی گیٹ کے علاقے صادق آباد میں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی 16 سالہ بیٹی اور 23 سالہ ہمسائے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔پولیس کے مطابق ملزم کلاشنکوف لے کر حجرے میں داخل ہوا اور اپنی بیٹی اور نوجوان کو فائرنگ کا نشانہ بنانے کے بعد فرار ہوگیا۔مقتولین کی شناخت 23 سالہ یوسف ولد سلیم اور 16 سالہ مسما (ع) دختر جنگریز کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق دونوں مقتولین ہمسائے تھے اور ان کے درمیان مبینہ تعلقات کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔مقتول یوسف کے والد محمد سلیم نے پولیس کو بتایا کہ وہ پنجاب کے علاقے فتح جنگ جانے کی تیاری کررہا تھا اور اپنے بیٹے کو تلاش کررہا تھا، تاہم یوسف کا موبائل فون بھی بند تھا۔انہوں نے بتایا کہ بیٹے کی تلاش کے دوران وہ مکان کی چھت پر گئے، جہاں سے شور شرابے کی آواز سنائی دی، بعدازاں وہ جنگریز کے حجرے پہنچے تو وہاں ملزم مسلح حالت میں موجود تھا اور فائرنگ کے نتیجے میں ان کا بیٹا اور لڑکی جاں بحق ہوچکے تھے۔پولیس کے مطابق مقتول یوسف کی جیب سے موبائل فون نکال کر ملزم فرار ہوگیا۔ پولیس نے مبینہ غیرت کے نام پر دوہرے قتل کی دفعات میں مقدمہ درج کرلیا ، اور دونوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔







