پرنسپل آفیسر (PIO) رئیسہ عادل اور پاکستان آبزرور کے چیئر مین و چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او)فیصل زاہد ملک کے درمیان گزشتہ روز ایک اہم ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں ملک میں معتبر ،بروقت اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کیلئے پی آئی ڈی اور میڈیا انڈسٹری کے درمیان مضبوط تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔یہ ملاقات پرنسپل انفارمیشن آفیسر کے دفتر میں ہوئی۔ جہاں پاکستان آبزرور کے چیئرمین فیصل زاہد ملک نے رئیسہ عادل کو پرنسل انفارمیشن آفیسر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے رئیسہ عادل کیلئے ان کی نئی ذمہ داریوں میں کامیابی کی امید ظاہر کی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ملاقات کے دوران پرنسپل انفارمیشن آفیسر رئیسہ عادل نے فیصل زاہد ملک کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور عہدہ سنھبالنے پر مبارکباد دینے کے اس اقدام کی تعریف کی۔ انہوں نے پاکستان کی میڈیا انڈسٹری میں فیصل زاہد ملک کی دیرینہ اور نمایاں خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایک معزز اور بااثر میڈیا لیڈر قرار دیا، جن کی ذمہ دارانہ صحافت اور صحافتی اداروں کی مضبوطی کیلئے کاوشیں ہمیشہ قابل تحسین رہی ہیں۔ رئیسہ عادل نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ میڈیا اورحکومت کے درمیان مضبوط اور موثر رابطہ اور تعاون اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ عوام تک بروقت، مستند اور قابل اعتماد معلومات پہنچیں۔ انہوںں نے کہا کہ موجودہ دور میں درست معلومات کی فراہمی اور میڈیا کی ترقی کیلئے حکومت اور صحافتی اداروں کا ایک پیج پر ہونا انتہائی ضروری ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے میڈیا کے بدلتے ہوئے منظر نامے اور حکومت و میڈیا کے درمیان باہمی تعاون کو مزید استوار کرنے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اخلاقی صحافت کے فروغ، غلط معلومات اور جعلی خبروں کے تدارک اور عوامی مفاد مںی ذمہ دارانہ مواصلات کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔پرنسپل انفارمیشن آفیسر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ تمام میڈیا اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملک کر کام کرنے کی خواہش مند ہیں تاکہ حقائق پر مبنی رپورٹنگ کو فروغ دیا جاسکے اور عمومی طور پر عوامی اداروں پراعتماد میں اضافہ ہو۔ دوسری جانب فیصل زاہد ملک نے امید ظاہر کی کہ رئیسہ عادل کی قیادت میں پرنسپل انفارمیشن آفیسر کا شعبہ پیشہ ورانہ مہارت ،شفافیت اور حکومت و میڈیا کے درمیان موثر رابطے کے عمل کو مزید آگے بڑھائے گا۔ انہوں نے پاکستان آبزرور کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ادارہ ملک میں صحافت کی آزادی ،ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور اخلاقی اصولوں کی پاسداری کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔







