پشاور کے علاقے زنگلی ٹیلا، بند بڈھ بیر روڈ پر زیرِ تعمیر عمارت کا ایک حصہ گرنے سے 20 سالہ مزدور ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہوگیا، جو بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور ملبے تلے دبے مزدور، جس کی شناخت عامرکے نام سے ہوئی، کو نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ریسکیو اہلکاروں نے زخمی مزدور کو تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا، تاہم ہسپتال ذرائع کے مطابق عامر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔واقعے کے بعد متعلقہ اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ عمارت کی تعمیراتی صورتحال اور حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔







