انسپکٹر جنرل (آئی جی)آزاد جموں و کشمیر پولیس نے پرتشدد اور ریاست مخالف عناصر سے مذاکرات کے مطالبات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پولیس اہلکاروں کے قاتلوں اور معصوم شہریوں پر تشدد کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جا سکتی۔آئی جی آزاد کشمیر پولیس نے اپنے بیان میں کہا کہ جن عناصر نے پولیس اہلکاروں کو بے دردی سے شہید کیا اور ان کی لاشوں کی بے حرمتی کی، ان کے ساتھ مذاکرات کا کوئی جواز نہیں بنتا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی اپنے بھائی کے قاتلوں کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے کا تصور بھی کر سکتا ہے؟۔انہوں نے کہا کہ پولیس کا کام سیاسی معاملات کا حل نکالنا نہیں بلکہ قانون کا نفاذ یقینی بنانا ہے، جبکہ سیاسی حل ہمیشہ سیاست دانوں کے ذریعے ہی تلاش کیے جاتے ہیں۔آئی جی پولیس کے مطابق شرپسند عناصر نہ صرف سیکیورٹی فورسز کو دھمکیاں دے رہے ہیں بلکہ عام شہریوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں، ایسے ظالم عناصر کے ساتھ کسی سیاسی مفاہمت یا مذاکرات کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔انہوں نے ایک واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ ماں کے جنازے میں شرکت کے لیے جانے والے ایک بے گناہ شہری کو اغوا کرکے اس کی ٹانگیں توڑ دی گئیں، جو ان عناصر کی سفاکیت کا واضح ثبوت ہے۔آئی جی آزاد کشمیر پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معصوم شہریوں اور پولیس اہلکاروں پر حملے کرنے والوں کے خلاف ریاست پوری قوت کے ساتھ کارروائی جاری رکھے گی اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر جسٹس (ر) مصطفی مغل نے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں عام انتخابات 2026 مقررہ شیڈول کے مطابق بروقت منعقد ہوں گے۔ عام انتخابات 2026 کے حوالے سے خصوصی پیغام میںچیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر نے کہاہے کہ انتخابات ملتوی ہونے سے متعلق افواہیں اور فیک نیوز بے بنیاد ہیں، عوام ان پر توجہ نہ دیں،ملازمین کی پولنگ کل مقررہ پروگرام کے مطابق ہوگی، تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے۔ چیف الیکشن کمشنرکے مطابق مہاجرین جموں و کشمیر کے حلقوں سمیت تمام ریٹرننگ افسران کو پولنگ میٹریل پہنچا دیا گیاہے،حلقہ LA-24 پونچھ و سدھنوتی-7 (بلوچ) میں امیدوار کے انتقال کے باعث پولنگ ری شیڈول کی جائے گی،حلقہ LA-24 کے علاوہ تمام انتخابی حلقوں میں پولنگ 27 جولائی کو شیڈول کے مطابق ہوگی۔ جسٹس(ر) مصطفی مغل کاکہناہے کہ الیکشن کمیشن کی تمام انتظامی اور انتخابی تیاریاں مکمل ہیں،انتخابات کے دوران پاک فوج، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سکیورٹی پر مامور ہوں گے،کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فوری رسپانس فورس تعینات رہے گی،عوام بلا خوف و خطر گھروں سے نکل کر اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں،تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع سکیورٹی پلان مرتب کیا گیا ہے، انتخابات شفاف، پرامن، آزادانہ اور غیر جانبدار انداز میں منعقد ہوں گے،انتخابات موخر کرنے کی افواہوں میں کوئی صداقت نہیں، اب ملتوی کرنے کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پولنگ میٹریل کی ترسیل مکمل ہونے کے بعد انتخابات ہر صورت مقررہ وقت پر ہوں گے۔







