پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے کوہاٹ میں خیبرپختونخوا بار کونسل کے چیئرمین ایگزیکٹیو ملک عماد اعظم ایڈوکیٹ کے گھر پر پولیس کے غیر قانونی چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے حکومت اور اعلی پولیس حکام سے واقعہ کی انکوائری کرانے اور ملوث اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کردیا۔ پشاور ہائیکورٹ بارکے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کوہاٹ میں چیئرمین ایگزیکٹیو کمیٹی بار کونسل کے گھر پرپولیس چھاپہ باعث تشویش ہے ،پولیس کا گھر میں داخلہ چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی ہے۔ایسوسی ایشن کے مطابق غیر قانونی چھاپہ آزادی رائے کو دبانے کے مترادف ہے، حکومت پولیس کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لے اور کارروائی کرے۔صدر امین الرحمان یوسفزئی کے مطابق کالے کوٹ کے وقار اور عزت کیلئے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں، انہوں نے حکومت اور پولیس حکام سے ملوث افراد کیخلاف کاروائی کا مطالبہ کیا بصورت دیگر ایسے اقدامات کیخلاف ہڑتال کی جائیگی۔







