این آئی ایچ کے آفیسر کی ورکرز ویلفیئر بورڈ میں تعینات پر تحفظات

خیبر پختونخوا ورکرز ویلفیئر بورڈ میں گریڈ 19 کی اہم آسامی پر نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)سے ڈیپوٹیشن پر تعینات گریڈ 18 کے افسر کو مستقل طور پر ضم کرنے کی مجوزہ اقدام پر بورڈ کے افسران اور ملازمین نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلی، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق این آئی ایچ کے گریڈ 18 کے افسر سیف اللہ ظفر، جو اس وقت ڈیپوٹیشن پر بطور ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن خدمات انجام دے رہے ہیں، کو گریڈ 19 کی پوسٹ پر مستقل طور پر ورکرز ویلفیئر بورڈ خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کی تجویز آئندہ بورڈ اجلاس میں شامل کی گئی ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ یہ ایجنڈا شفاف طریقے سے سامنے لانے کے بجائے خفیہ انداز میں شامل کیا گیا۔بورڈ کے افسران و ملازمین نے وزیراعلی، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ کو ارسال کردہ مراسلے میں مقف اختیار کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی پالیسی کے تحت ڈیپوٹیشن پر آنے والے افسران کو دوسرے محکمہ میں مستقل طور پر ضم کرنے کی گنجائش ختم کی جا چکی ہے، جبکہ ورکرز ویلفیئر فنڈ بھی اس حوالے سے سابقہ نوٹیفکیشن واپس لے چکا ہے، لہذا نئی تجویز موجودہ قواعد و ضوابط اور حکومتی پالیسی کے منافی ہے۔اس ضمن میں ارسال کئے گئے خط میں موقف اپنایا گیا ہے کہ کسی دوسرے ادارے کے افسر کو گریڈ 19 کی آسامی پر مستقل ضم کرنا نہ صرف سروس رولز کی خلاف ورزی ہوگی بلکہ اس سے بورڈ کے حاضر سروس ملازمین کے ترقی کے مواقع، سروس اسٹرکچر اور قانونی حقوق بھی متاثر ہوں گے۔ ملازمین نے الزام لگایا کہ اس معاملے کو جان بوجھ کر خفیہ رکھا گیا تاکہ بروقت اعتراضات سامنے نہ آسکیں۔ادھر ورکرز ویلفیئر فنڈ کے ڈائریکٹر لیگل فیصل طارق نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ ترمیمی قواعد 2025 کے مطابق کسی بھی ڈیپوٹیشن افسر کی مستقل ابزارپشن کی اجازت نہیں ہے۔ ان کے مطابق خیبر پختونخوا ورکرز ویلفیئر بورڈ تاحال ورکرز ویلفیئر فنڈ کے قواعد پر عمل پیرا ہے، اس لیے اس نوعیت کا کوئی بھی اقدام غیر قانونی ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ بھی سندھ پولیس میں مستقل ابزارپشن کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے، جبکہ ورکرز ویلفیئر فنڈ نے بورڈ کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ کسی بھی افسر یا اہلکار کو مستقل طور پر ضم نہیں کیا جا سکتا

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed