قانون کے حوالے سے غلط فہمی پھیلائی جارہی ہے،شفیع جان

خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ صوبائی اسمبلی کے ارکان کی مراعات سے متعلق منظور کیے گئے قانون کے حوالے سے غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں، جبکہ سوشل میڈیا اور بعض ذرائع ابلاغ میں ایسی باتیں زیر گردش ہیں جن کا منظور شدہ ایکٹ سے کوئی تعلق نہیں۔حزب اختلاف کے اراکین اسمبلی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شفیع جان نے کہا کہ ارکان اسمبلی کے لیے بلیو پاسپورٹ کی سہولت 1988 کے قانون میں پہلے سے موجود ہے اور صوبائی کابینہ نے کسی نئی غیر معمولی سہولت کی منظوری نہیں دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کابینہ کی جانب سے اسمبلی کو بھیجے گئے مسودے میں نہ تاحیات بلیو پاسپورٹ شامل تھا اور نہ ہی ارکان کے اہل خانہ کے لیے پاسپورٹ کی کوئی تجویز موجود تھی، تاہم اسمبلی میں پیش ہونے کے بعد اپوزیشن کی جانب سے بعض ترامیم کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے ہدایت کی ہے کہ ایکٹ کی جن شقوں پر اعتراضات سامنے آئے ہیں، ان پر تمام پارلیمانی لیڈرز کو بٹھا کر نظرثانی کی جائے تاکہ کسی بھی ابہام کو دور کیا جا سکے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت آزادی صحافت اور مثبت تنقید پر یقین رکھتی ہے اور عوامی مفادات کے خلاف کوئی قانون منظور نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے ارکان کی مراعات دیگر صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی کے ارکان کے مقابلے میں اب بھی کم ہیں، جبکہ موجودہ حکومت کے دور میں ارکان اسمبلی کی مراعات میں کوئی غیر معمولی اضافہ نہیں کیا گیا۔شفیع جان نے کہا کہ ٹول ٹیکس سے استثنیٰ گزشتہ تقریباً دو دہائیوں سے پارلیمنٹیرینز اور ججز کو حاصل ہے، اس لیے اس معاملے پر بے جا تنقید مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عمران خان کے وڑن کے مطابق عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے، لیکن اس کے باوجود بلاجواز تنقید کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کی سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر ارکان اسمبلی کو کیٹیگری "بی” سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ ان کے مطابق ارکان اسمبلی کو پہلے ہی چار اسلحہ لائسنس کی اجازت حاصل تھی، جبکہ موجودہ سکیورٹی خدشات کے باعث مزید چار لائسنسوں کی منظوری دی گئی ہے۔وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ ملک بھر میں قومی اسمبلی اور سینیٹ کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 57 ہزار بلیو پاسپورٹ جاری کیے جا چکے ہیں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed