کالج آف ہوم اکنامکس یونیورسٹی آف پشاور کے شعبہ فوڈ اینڈ نیوٹریشن کی ایم فل اسکالر ثنا محبوب نے اپنے ایم فل تحقیقی مقالے کا کامیاب دفاع کر دیا۔ثناء محبوب نے یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں کے طلبہ میں جسمانی صحت، غذائیت سے متعلق آگاہی اور غذائی عادات کے باہمی تعلق کا تحقیقی جائزہ کے عنوان پر اپنا مقالہ پیش کیا۔تحقیق ڈاکٹر رضیہ طارق خان کی نگرانی میں مکمل کی گئی جبکہ ڈاکٹر فیضان اللہ ایسوسی ایٹ پروفیسر یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں نے شریک نگران کے فرائض انجام دیے۔مقالے کا بیرونی جائزہ ڈاکٹر زاہدہ واصل اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ کیمسٹری شہید بے نظیر بھٹو ویمن یونیورسٹی پشاور نے لیا۔ دفاع کے دوران ثنا محبوب نے اپنے تحقیقی کام کے مختلف پہلوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ممتحنین کے سوالات کے اطمینان بخش جوابات دیے جس پر امتحانی کمیٹی نے ان کے تحقیقی مقالے کو کامیاب قرار دے دیا۔اس موقع پر اساتذہ نے ثنا محبوب کی تحقیقی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ تحقیق نوجوانوں میں غذائیت سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ میں معاون ثابت ہوگی۔ بعد ازاں اساتذہ، محققین اور طلبہ نے ثنا محبوب کو ایم فل مقالے کے کامیاب دفاع پر مبارکباد پیش کی اور ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔






