جاپان نے ماحول دوست ایوی ایشن فیول کی پیداوار بڑھانے کے لیے استعمال شدہ کوکنگ آئل کے حصول کی کوششیں تیز کر دی ہیں، کیونکہ ملک 2030 تک اپنی ایوی ایشن فیول کی ضروریات کا ایک بڑا حصہ پائیدار ذرائع سے حاصل کرنے کے ہدف کی جانب بڑھ رہا ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جاپان میں فرائی ٹو فلائی کے نام سے ایک سرکاری و نجی مشترکہ منصوبہ جاری ہے جس کے تحت گھروں اور کاروباری مراکز سے استعمال شدہ کھانے کا تیل جمع کر کے اسے جیٹ فیول میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ اس مہم کے تحت شہریوں سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ اپنے گھروں میں استعمال شدہ تیل جمع کر کے مخصوص مراکز پر جمع کروائیں۔ ایک شہری کے مطابق وہ سالانہ تقریبا 40 لیٹر تک تیل اس مقصد کے لیے فراہم کرتی ہیں۔ تاہم ماہرین کے مطابق جاپان کو اپنے 2030 کے ہدف کے حصول کے لیے تقریبا 1.7 ملین کلو لٹر SAF کی ضرورت ہوگی، جبکہ اس وقت ملک میں پیداوار صرف 30 ہزار کلو لٹر تک محدود ہے، جو مجموعی جیٹ فیول کا محض 0.3 فیصد ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خام مال کی کمی اور بنیادی ڈھانچے کی مشکلات کے باعث مقامی پیداوار محدود ہے، جس کے نتیجے میں جاپان کو ممکنہ طور پر درآمدات پر بھی انحصار کرنا پڑ سکتا ہے۔ ادھر تیل جمع کرنے کی مہم کو تیز کرنے کے لیے ٹوکیو حکومت نے تقریبا 7.8 ملین گھروں تک رسائی کے لیے آگاہی پروگرام شروع کیا ہے، جبکہ سپر مارکیٹس اور ریٹیل چینز بھی اس منصوبے میں شامل ہو رہے ہیں۔ توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ منصوبہ ماحول دوست توانائی کی طرف اہم قدم ہے، تاہم موجودہ رفتار کے ساتھ 2030 کا ہدف حاصل کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، اور جاپان کو مزید سرمایہ کاری اور انفراسٹرکچر کی ضرورت ہوگی۔







