صوبائی دارالحکومت پشاور میں سی این جی سٹیشنز کو گیس سپلائی شروع ہونے کے بعد شہر کے متعدد علاقوں میں گھریلو صارفین سوئی گیس کی مسلسل اور ناروا لوڈشیڈنگ کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہو گئے ہیں۔متاثرہ علاقوں میں دلہ زاک روڈ، کارپوریشن کالونی، غریب آباد، سپلائی گیٹ روڈ، انصاف ٹان، کچی آبادی، سکندر ٹان، کریم آباد، قریش آباد، نیشنل بینک کالونی، اندرون کوہاٹی گیٹ ، بشیر آباد اور دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں، جہاں شیڈول کے مطابق بھی صارفین کو گیس نہیں مل رہی۔شہریوں نے بتایا کہ عید الاضحی سے اب تک حکومت کے دیے گئے شیڈول پر محکمہ سوئی گیس نے کوئی عملدرآمد نہیں کیا۔ گھریلو صارفین گیس کے لیے ترس رہے ہیں اور بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث شہری مہنگی ایل پی جی خریدنے، لکڑی اور دیگر متبادل ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔متاثرہ عوام نے متعلقہ حکام سے فوری دادرسی کی اپیل کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال میں بہتری نہ آئی تو عوام شدید احتجاج پر مجبور ہوں گے۔







