مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیراتی سائٹ پر عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ایک خصوصی تقریب اور آگاہی مہم منعقد کی گئی۔ اس تقریب کا اہتمام جنرل منیجراور پراجیکٹ ڈائریکٹرمہمند ڈیم فصیح اللہ پراچہ کی ہدایت پر کیا گیاجس میں واپڈا، مہمند ڈیم کنسلٹنٹ گروپ، چائنا گیزوبا گروپ کمپنی (سی جی جی سی)اور ڈیسکون کے اعلی حکام، انجینئرز، ماہرین ماحولیات اور ورکنگ سٹاف نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

اس دوران شرکا کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ یہ منصوبہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے، آبی وسائل کی فراہمی اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک سستی بجلی کی پیداوار کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ تقریب کے دوران پراجیکٹ کے تمام سٹیک ہولڈرز اور ورکرز نے ایک خصوصی مہم کے تحت شجرکاری کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیم کی تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ماحولیاتی اور سماجی تحفظ کے ضوابط (ایس او پیز)پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے واپڈا مہمند ڈیم کے ڈائریکٹر سوشل ری سیٹلمنٹ اینڈ انوائرمنٹ نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضر اثرات سے نمٹنے کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کا مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طویل مدتی ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی نظام کی پائیداری کے لیے ہمیں فطرت پر مبنی حل پر توجہ مرکوز کرنی ہوگی۔واضح رہے کہ 800 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا حامل مہمند ڈیم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ماحولیاتی تحفظ کا ضامن ہے جو مکمل ہونے پر ملکی معیشت کی بہتری کے لیے نیشنل گرڈ میں صاف اور ماحول دوست بجلی شامل کرے گا، جبکہ یہ منصوبہ مقامی ماحولیاتی نظام (ایکو سسٹم)کی بحالی، زیرِ زمین پانی کی سطح برقرار رکھنے اور مستقبل میں سیلاب کی روک تھام میں بھی انتہائی معاون ثابت ہوگا







