پشاو میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو نے پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کی دوستی کی 75ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک پشتو گیت تیار کیا ہے .یہ گیت خیبر پختونخوا کے معروف شاعر پروفیسر ڈاکٹر اباسین یوسفزئی نے تحریر کیا ہے، جن کی خوبصورت شاعری نے اس تخلیق کو لازوال بنا دیا ہے۔ نامور صحافی اور چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک اس گیت کے ڈائریکٹر ہیں۔خیبر پختونخوا کے ممتاز موسیقار گوہر جان نے گیت کی موسیقی ترتیب دی ہے۔

اس گیت کو خیبر پختونخوا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکاروں ڈاکٹر عرفان خلیل اور یمشہ نور نے نہایت خوبصورتی سے گایا ہے، جن کی آوازوں نے اس گیت میں مزید گہرائی اور دلکشی پیدا کر دی ہے۔ اس گیت کی ویڈیو تاریخی گندھارا تہذیب کے اہم مقام تخت بھائی میں فلمائی گئی ہے جو چین کے ساتھ ثقافتی اور تاریخی تعلق کے حوالے سے بے حد اہمیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ویڈیو کی عکس بندی پشاور شہر میں واقع 142 سال سے زائد قدیم روایتی گھر میں بھی کی گئی ہے، جو سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط پاک چین دوستی کے تسلسل اور مضبوطی کی علامت ہے۔ گیت کے اشعار نہایت شاعرانہ اور معنی خیز ہیں۔

اس گیت میں لڑکی پاکستانی نوجوان کو ایک شہزادے سے تشبیہہ دیتی ہے جبکہ نوجوان اسے چین کی ایک پری قرار دیتا ہے۔ دونوں نے اپنے جذبات اور باہمی تعلق کی گہرائی کو خوبصورت الفاظ میں بیان کیا ہے۔ اس گیت کی باقاعدہ لانچنگ مئی کو اسلام آباد میں کی جائے گی جس میں خیبر پختونخوا ، اسلام آباد اور چینی سفات خانے کی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔







