وفاقی حکومت نے شہریوں پر پیٹرولیم لیوی کا بوجھ مزید بڑھادیا۔حکومت نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کی شرط پوری کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر فی لیٹر لیوی میں 13 روپے 91 پیسے اضافہ کر دیا۔پیٹرول پر 117 روپے 41 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر 42 روپے 60 پیسے فی لیٹر لیوی مقرر کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق اضافے کے بعد پیٹرول پر پیٹرولیم لیوی 103 روپے 50 پیسے سے بڑھا کر 117 روپے 41 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر لیوی 28 روپے 69 پیسے سے بڑھا کر 42 روپے 60 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں پر مجموعی طور پر فی لیٹر 160 روپے پیٹرولیم لیوی عائد کرنے کی شرط بھی پوری کر لی ہے۔پاکستان کے لیے 1.3 ارب ڈالر کی قسطوں کی منظوری کے ساتھ ہی آئی ایم ایف نے واضح کر دیا ہے کہ اشیائے صرف کی قیمتوں میں اتار چڑھاو کے ماحول میں پاکستان کو پیٹرول، بجلی اور گیس کی مقامی قیمتوں کو لاگت کے مطابق برقرار رکھنا ہوگا، جبکہ غریب اور کمزور طبقے کو ہدفی امداد فراہم کی جائے گی۔آئی ایم ایف نے اپنے بیان میں کہا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں، انسدادِ بدعنوانی کے اداروں کو مضبوط بنانا، سرکاری اداروں کی نجکاری اور کاروباری ماحول میں غیر ضروری رکاوٹوں اور ضوابط کے خاتمے جیسی ساختیاتی اصلاحات کو مزید گہرا کرنا ہوگا، پاکستان سے متعلق عالمی مالیاتی ادارے کے تخمینوں میں کہا گیا ہے کہ 2027 میں جی ڈی پی نمو 3.5 فیصد رہنے، 2026 میں جی ڈی پی کے 1.6 فیصد کے مساوی بنیادی بجٹ سرپلس حاصل ہونے کی توقع ہے جبکہ زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر جون 2026 تک 17.5ارب ڈالر تک پہنچنے اور افراطِ زر دوبارہ بڑھ کر 8.4 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے







