سری لنکا میں مقیم سوات کے علاقے چارباغ کے نوجوان حسن علی نے انسانیت کی شاندار مثال قائم کرتے ہوئے 40سال سے زائد عرصے سے بچھڑے ہوئے ایک خاندان کو دوبارہ ملا دیا.تفصیلات کے مطابق حسن علی کی ملاقات سری لنکا میں امتیاز نامی شخص سے ہوئی جس نے اپنی بہن عاصمیہ کے بارے میں بتایا کہ وہ 1975میں دبئی میں ایک پاکستانی شہری سے شادی کے چند سال بعد پاکستان منتقل ہوگئی تھیں اور اس کے بعد خاندان سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا، طویل عرصے تک تلاش کے باوجود کوئی سراغ نہ مل سکا جس پر حسن علی نے پاکستان آکر گمشدہ افراد کی تلاش میں سرگرم سماجی کارکن ولی اللہ معروف سے رابطہ کیا اور ان کی مشترکہ کوششوں اور مختلف ذرائع سے معلومات اکٹھی کرنے کے بعد بالآخر اس بچھڑے ہوئے خاندان کو تلاش کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی، جس کے بعد طویل عرصے سے جدا رشتے دوبارہ جڑ گئے اور اہل خانہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی جبکہ اہل علاقہ نے اس اقدام کو انسانیت کی ایک قابل فخر مثال قرار دیا، حسن علی نے اس موقع پر کہا کہ انہوں نے یہ کام خالصتا انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت کیا اور انہیں بے حد اطمینان ہے کہ ان کی کوششوں سے بچھڑے ہوئے لوگ دوبارہ مل گئے ہیں اور اب دونوں خاندان باقاعدگی سے ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔







