پشاور کے علاقے متھرا تھانے کی حدود شیرآباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک نو بیاہتا جوڑا جاں بحق ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق مقتولین میں ایک نوجوان لڑکا اور لڑکی شامل ہیں جو میاں بیوی تھے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کا تعلق وزیرستان سے تھا اور شادی کے بعد انہوں نے متھرا کے علاقے شیر احمد کے کوارٹر میں کرائے کے مکان میں خفیہ طور پر رہائش اختیار کر رکھی تھی۔عینی شاہدین کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے کوارٹر میں داخل ہو کر دونوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔ پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوں سے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ابتدائی طور پر واقعے کو ذاتی دشمنی یا غیرت کے نام پر قتل کے تناظر میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔ علاقے میں مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔







