گورنر خیبر پختونخوا فیصل کنڈی سے فنکاروں کے وفد کی ملاقات

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے پاکستان ڈائریکٹرز، پروڈیوسرز، رائٹرز اینڈ آرٹسٹس ایسوسی ایشن رجسٹرڈ کے چیئرمین سجاد علی اورکزئی کی قیادت میں ایک وفد نے گورنر ہائوس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں معروف پینٹر و مجسمہ ساز نوید شبیر اور جامعہ پشاور کے شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی لیکچرر فرح جاوید بھی شامل تھیں۔ملاقات کے دوران چیئرمین سجاد علی اورکزئی نے گورنر خیبر پختونخوا کو 30 مارچ کو منعقد ہونے والی تصویری نمائش میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی، جسے انہوں نے خوشدلی سے قبول کر لیا۔ اس موقع پر صوبے میں فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل، ادارہ جاتی سرپرستی کے فقدان اور آرٹ کے فروغ کے لیے مختلف عملی تجاویز بھی پیش کی گئیں۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کو یقین دلایا کہ صوبے میں فنونِ لطیفہ کے فروغ اور فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امر کا بھی عندیہ دیا کہ تقریب کے بعد وفد کے ساتھ ایک تفصیلی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں پیش کردہ تجاویز کی روشنی میں قابلِ عمل حکمتِ عملی ترتیب دی جائے گی۔واضح رہے کہ پاکستان ڈائریکٹرز، پروڈیوسرز، رائٹرز اینڈ آرٹسٹس ایسوسی ایشن رجسٹرڈ صوبے میں پرفارمنگ آرٹس، موسیقی، ادب اور بصری فنون کے میدان میں ایک فعال اور متحرک ادارہ ہے جو فنکاروں کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہا ہے۔چند ماہ قبل ادارے نے کراچی کے نامور خطاط اور مصور نوشاد الرحمن کی کامیاب نمائش نشتر ہال پشاور میں منعقد کر کے بین الصوبائی ثقافتی روابط کو فروغ دیا اور دیگر صوبوں کے فنکاروں کو متعارف کرانے کی روایت کو آگے بڑھایا۔اسی تسلسل میں ادارہ 30 اور 31 مارچ کو نشتر ہال پشاور میں ایک اور تصویری نمائش کا اہتمام کر رہا ہے جس میں صوبے کی ممتاز فنکاراں نوید شبیر اور خولہ ایاز کے فن پارے نمائش کے لئے پیش کیے جائیں گے۔ اس نمائش میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی بطور مہمانِ خصوصی جبکہ ممکنہ طور پر ڈائریکٹر جنرل کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی عثمان محسود بطور گیسٹ آف آنر شرکت کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed