انسداد دہشت گردی پشاور کی خصوصی عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف 9 مئی کو احتجاج کے دوران ریڈیو پاکستان پر حملے کرنے کے مقدمے میں نامزد ملزمان کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ۔ تحریری حکم میں لکھا گیا ہے کہ دوران سماعت ریڈیو پاکستان کے وکیل شبیر حسین گیگیانی اور سپیشل پراسیکیوٹر نعمان الحق عدالت میں پیش ہوئے۔تفتیشی آفیسر بھی عدالت میں پیش ہوئے جس نے عدالت کو بتایا کہ سی سی پی او نے معاملہ ایڈووکیٹ جنرل کو ارسال کیا ہے جبکہ اس نے اس دوران پراسیکوشن، سی سی پی او اور ایڈووکیٹ جنرل کے مابین تحریری خط وکتابت بھی پیش کیا۔،تفتیشی آفیسر نے مقدمے کے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی، جس پر مقدمے کی مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کی جاتی ہے۔اس مقدمے میں نامزد 9 ملزمان تاحال مفرور ہیں ۔پراسیکیوشن کے مطابق نو مئی 2023 کو مشتعل مظاہرین نے ریڈیو پاکستان پر دھاوا بولا تھا ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگائی اور املاک کو نقصان پہنچایا تھا۔مقدمے میں پی ٹی آئی کے ایک صوبائی وزیر سمیت متعدد ارکان اسمبلی اور کارکنان نامزد ہیں جس کی شناخت اور تصدیق نادرا اور پنجاب فرانزک لیب سے کی گئی ہے،نادرا اور پنجاب فرانزک لیب کی رپورٹ باقاعدہ طور پر ابھی تک جمع نہیں کی گئی ہے۔







