ترکیہ جانے کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کیلئے نئی سنگل اور ملٹیپل انٹری ویزا فیس جاری کر دی گئی۔ترک ویزا ایپلیکیشن سینٹر نے پاکستانی پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے مختلف ویزا کیٹیگری کیلئے فیس کا خاکہ جاری کیا جس میں قیام کی قسم اور مدت کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔ترکیہ نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر سے لاکھوں سیاحوں کو اپنی منفرد تاریخ، ثقافت اور خوبصورتی کے سبب اپنی طرف متوجہ کرتا ہے۔ترکیہ کے سنگل انٹری ویزا کیلئے پاکستانی پاسپورٹ ہولڈرز کو 3 ماہ کیلئے 180 ڈالر، 6 ماہ کیلئے 200 ڈالر اور ایک سال کیلئے 220 ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔ملٹیپل ویزا 3 سے 6 ماہ کیلیے دستیاب نہیں تاہم ایک سالہ ویزا کیلئے درخواست دہندگان کو 340 ڈالر ادا کرنے ہوں گے۔ تمام ادائیگیاں صرف پاکستانی روپے میں کی جائیں گی جو ناقابل واپسی ہوں گی۔مزید بتایا گیا کہ وی آئی پی ویزا درخواست کیلئے 15 ڈالر اضافی چارج کیے جائیں گے۔ کرنسی کی تبدیلی اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ادائیگی سے ایک دن پہلے اعلان کردہ سرکاری شرح پر مبنی ہے۔






