پشاور، راہزنی واقعات بڑھنے لگے، ایک اور تاجر لٹ گیا

عیدالاضحی قریب آتے ہی راہزنی واقعات بڑھنے لگے، اس دوران پشاور میں ایک اور تاجر سے لاکھوں روپے لوٹ لیے گئے، تھانہ فقیر آبا د کی حدود میں ادویات کا کاروبار کرنے والے تاجر سے 6لاکھ روپے کی نقدی چھین لی گئی۔یاد رہے بڑھتی مہنگائی ، بے روزگاری اور کاروبار خراب ہونے کی وجہ سے جرائم میں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ چند دنوں کے دوران پشاور کے مختلف علاقوں میں شہریوں سے لاکھوں کی نقدی ، موبائل فونز اور موٹرسائیکل چھینے گئے ہیں جبکہ مزاحمت پر بعض کو گولیاں بھی ماری گئی ہیں۔تھانہ فقیر آباد پولیس کو حاجی ہدایت اللہ ولد حاجی محمد عالم ساکن فقیر آباد نور سٹریٹ نے بتایا کہ وہ نمک منڈی میں ادویات کا کاروبار کرتا ہے، گزشتہ روز وہ گھر سے روزگار کی رقم 6لاکھ روپے جیب میں ڈال کر جی ٹی روڈ پر واقع الفلاح بینک جارہا تھا، اس دوران چنگڑ آباد روڈ نزد پٹرول پمپ پہنچنے پر ہنڈا125پر سوار دو افراد نے اسے اسلحہ کی نوک پر روکا اور اس کی جیب سے 6لاکھ روپے نکال کر سپلائی گیٹ کی طرف فرار ہوگئے۔واقعہ کی اطلاع پر ڈی ایس پی فقیر آباد عمر آفریدی دیگر پولیس نفری و تفتیشی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پہنچ گئے اور سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے سمیت عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرلئے۔دوسری طرف عیدالاضحی قریب آتے ہی راہزنی واقعات بڑھنے لگے، جو باعث تشویش ہیں، تھانہ کوتوالی کے علاقے چوک ناصر خان میں دکاندار شیر رحمان سکنہ سائنس کالج کو گولی مارکر اس سے 8لاکھ روپے چھین لئے گئے تھے۔ ورسک روڈ پر گیس فلنگ پلانٹ میں ڈکیتی واردات کے دوران 35لاکھ روپے لوٹ کر ڈاکووں نے چوکیدار کو گولی مار کر قتل کر دیا تھا۔ اس کے بعد کینال روڈ پر تاجر سے 21لاکھ چھینے گئے جس میں مرکزی ملزم پکڑا گیا جبکہ ریکوری بھی کرلی گئی۔چند روز قبل حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے لیبارٹری ٹیکنیشن عزت سکنہ متنی سے موٹرسائیکل چھین کر اسے گولی ماردی گئی تھی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed