چین کا نیا سال اور توقعات

رپورٹ: عدنان بشیر
تصاویر: شاہ زمین خان

چین کے نئے سال کی مناسبت سے چائنہ ونڈو میں منعقدہ تقریب سے جہاں اہل چین کو یہ پیغام دیا گیا کہ اہل پشاور کے دل بھی ان کے ساتھ دھڑکتے ہیں وہیں یہ بھی واضح کیا گیا کہ دونوں ملکوں کے عوام دوستی کے ایک ایسے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں جو بلاشبہ دنیا بھر کے لئے مثال ہے۔ اس کا اندازہ چائنہ ونڈو میں نئے سال اور جشن بہاراں کی مناسبت سے منعقد ہونے والی تقریب سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے جس میں صوبائی چیف سیکرٹری ندیم اسلم چوہدری، پولیس کے صوبائی سربراہ اختر حیات خان، سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان، انٹرنیشنل کھلاڑی احمد گل، تاجر رہنما امتیاز احمد، ہندکو زبان کے فروغ کے لئے کوشاں محمد اکبر سیٹھی، جنید خان، چینی زبان سکھانے کے ماہر اسرار خان اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں خاص طور پر مقامی سکولوں کے طلباء و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

محمد عثمان نے تلاوت کلام پاک کی۔ چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ بنیادی طور پر نئے سال کی تقریب کے انعقاد کا مقصد پشاور سے سارے چین میں یہ پیغام بھیجنا ہے کہ ہم بھی ان کی خوشیوں میں شریک ہیں اور یہی وجہ ہے کہ عوامی سطح پر دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستی مزید مستحکم ہو رہی ہے۔

بعدازاں تقریب سے خطاب میں چیف سیکرٹری خیبر پختون خوا ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی پولیس خیبر پختون خوا اختر حیات خان اور سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے اہل چین کو نئے سال کی مبارکباد پیش کی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ نیا سال نہ صرف چین کی ترقی و خوش حالی کا سال ہو گا بلکہ پاک چین دوستی کے لئے یہ سال مزید کامیابیوں اور کامرانیوں کا سال ہو گا۔مقررین نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ہر آنے والا لمحہ پاک چین دوستی کو استحکام دے گا جبکہ چین پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے سی پیک جیسے منصوبوں پر کام جاری رکھے گا۔ اس موقع پر سکواش کے سابق عالمی چیمپئن قمر زمان نے چائنہ ونڈو کی جانب سے چیف سیکرٹڑی ندیم اسلم چوہدری اور امتیاز احمد نے آئی جی پولیس اختر حیات خان کو شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر مہمان شخصیات نے طلباء و طالبات کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنائے۔ طلباء و طالبات نے روایتی چینی لباس زیب تن کر رکھے تھے کئی طلباء نے چین کے قومی پرچم بھی تھام رکھے تھے۔ گویا چائنہ ونڈو نے حقیقی معنوں میں پاک چین دوستی کا حق ادا کیا۔مہمان شخصیات نے جشن بہاراں کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed