احتساب عدالت نے توشہ خانے کے نئے ریفرنس میں بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا گیا۔
آج صبح بانیٔ پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے ریمانڈ کے لیے نیب ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔
احتساب عدالت کے جج محمد علی وڑائچ نے اڈیالہ جیل میں سماعت کرتے ہوئے بانیٔ پی ٹی آئی و بشریٰ بی بی کا 8، 8 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
عدالت نے نیب کو دونوں ملزمان سے تفتیش اڈیالہ جیل میں کرنے کی ہدایت کی اور انہیں 22 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
بعدازاں بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباس چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب کی جانب سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، احتساب عدالت نے پہلے 6 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا۔
ظہیر عباس چوہدری نے کہا کہ ہم نے عدالت سے استدعا کی کہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں مصروفیات ہیں، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے جسمانی ریمانڈ کی ہم نے مخالفت کی، دونوں کی گرفتاری قانون کے منافی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ فاضل عدالت میں ہماری درخواست ضمانت پہلے ہی زیر سماعت ہے
نیب کی انکوائری رپورٹ کے مطابق نیا کیس 7 گھڑیوں سمیت 10 قیمتی تحائف خلاف قانون پاس رکھنے اور بیچنے سے متعلق ہے۔






