ریڈیو پاکستان کی لیجنڈ آواز اور پی ٹی وی کی نیوز کاسٹر تسکین ظفر مختصر علالت کے بعد اتوار کو انتقال کر گئیں۔ وہ 67 سال کی تھیں۔ان کی نماز جنازہ 4:30 بجے لال کورتی عیدگاہ میں ادا کی گئی اور آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیاگیا’ تسکین ظفر کا نشریاتی کیریئر چار دہائیوں پر محیط تھا۔ 1957 ء میں راولپنڈی میں پیدا ہوئیں، انہوں نے 1980 ء میں ریڈیو پاکستان میں بطور انائونسر شمولیت اختیار کی۔ انہوں نے ریڈیو پاکستان کے نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز چینل پر پروگراموں کی میزبانی بھی کی۔
بعد ازاں، انہوں نے پاکستان ٹیلی ویژن میں بطور نیوز اینکر شمولیت اختیار کی اور موسیقی کے پروگراموں کی میزبانی کی۔تسکین ظفر کو ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں گزشتہ سال صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا گیا۔ریڈیو پاکستان اور پوری نشریاتی برادری ایک لیجنڈ کے انتقال پر سوگوار ہے۔