اسلام آ باد ہائی کورٹ نے قرار دیا ہے کہ عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ میڈیا عدالتی کارروائی کو رپورٹ کرسکتا ہے۔ پابندی رپورٹنگ پر نہیں بلکہ غیر ذمے دارانہ رپورٹنگ پر ہے۔ صرف سنسنی خیز ٹکر چلانے پر مسئلہ ہوتا ہے۔ دوران سماعت پیمرا کی جانب سے بھی عدالت میں جواب جمع کروا دیا گیا۔ عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا وفاقی حکومت کا س معاملے سے تعلق ہے؟، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے کہا کہ یہ پیمرا کا معاملہ ہے، وفاقی حکومت کا تعلق نہیں ہے۔بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی نے عدالت میں کہا کہ پیمرا نے جس قانون کا سہارا لیا ہے، اس میں زیر سماعت مقدمات رپورٹ کرنے پر پابندی نہیں ہے۔ بعد ازاں عدالت نے آئندہ سماعت پر حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 11 جون تک ملتوی کردی۔