ای کے کنسلٹنٹس پرائیویٹ لمیٹڈ کے سربراہ اور انٹرنیشنل امیگریشن ایکسپرٹ آصف خان مرجان نے چائنہ ونڈو کو پشاور میں پاک چین دوستی کیلئے ایک قابل زکر مرکز قرار دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائنہ ونڈو کے دورہ کے موقع پر کیا۔ ادارے کی قانونی مشیر مرینہ آصف، سی ای او فہیم خان اور میڈیا ایڈوائزر سید عرفان ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔آصف خان مرجان نے چائنہ ونڈو کی مختلف گیلریاں دیکھیں اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے فرینڈ شپ وال پر دستخط بھی کئے۔ان کا کہنا تھا کہ پشاور میں چینی ثقافتی مرکز کے قیام سے پشاور اور خیبر پختونخوا کے عوام کو اپنے برادر ملک چین کے بارے میں جاننے کا موقع ملے گا۔

آصف خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تجارت کے ساتھ ساتھ سیاحت کے فروغ کیلئے بھی معاہدوں کی ضرورت ہے تاکہ چینی سیاح پاکستان باالخصوص پشاور اور خیبر پختونخوا میں گندھارا ثقافت کی سیر کیلئے آئیں اس سے پاکستان کو قیمتی زرمبادلہ بھی حاصل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے جس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے ۔سی پیک منصوبہ بھی پاک چین دوستی کا مظہر ہے۔ اس سے جہاں پاکستان میں معاشی ترقی ہو گی وہیں پشاور اور خیبر پختونخوا میں بھی ترقی اور خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہو گا۔اس موقع پر چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے آصف خان مرجان کو چائنہ ونڈو میگزین کا نیا شمارہ بھی پیش کیا۔







