رباط: مراکش میں شدید نوعیت کے زلزلے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 800 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی اور درجنوں تاحال ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق مراکش کے جنوب مغربی علاقے میں آنے والے زلزلے کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز مراکش شہر سے 75 کلومیٹر دور اطلس کا پہاڑی سلسلہ تھا اور اس کی زیر زمین گہرائی 18.5 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق زلزلے کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئی تاریخی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے بعد سے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث عوام گھروں میں جانے کے بجائے سڑکوں اور کھلے مقامات پر آ گئے ہیں اور حکام کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ اپنے گھروں کو نہ جائیں۔








