شعیب جمیل
مفتی محمود فلائی اوور پر بنائی گئی آہنی حفاظتی دیوار شکست و ریخت کا شکار ہوگئی ،دیوار جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹنے سے پشاور ہائیکورٹ سمیت اسمبلی سیکرٹریٹ اور اسمبلی ہال خطرے میں پڑ گیا ۔ پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے متعلقہ حکام کو تحریری طور پر آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے پی ڈی اے حکام سمیت پشاور ہائیکورٹ کے متعلقہ افسران اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائیں ۔ ہائیکورٹ بار کے مطابق مفتی محمود فلائی اوور پر بنائی گئی آہنی حفاظتی دیوار جگہ جگہ ٹوٹ گئی ہے جس سے پشاور ہائیکورٹ کی سیکیورٹی غیر محفوظ ہوگئی اور کسی بھی وقت تخریب کار یا دہشت گرد دیوار کی اس خستہ حالی کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور آسانی سے اپنے مقصد میں کامیاب ہوسکتے ہیں لہٰذا متعلقہ حکام فوری طور پر دیوار کی مرمت کریں اور پشاور ہائیکورٹ کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔







