ابھرتے ہوئے بھارتی اسٹار اداکار رنویر سنگھ نے سپر اسٹار سلمان خان کے نقشِ قدم پر چلنے کا اعلان کردیا۔ رنویر سنگھ نے کہا ہے کہ اگر ان کا شو بھی کامیاب ہوگیا تو وہ سلمان خان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ناوی ممبئی کے پانویل ایریا میں ایک فارم ہاس خریدیں گے۔ ان خیالات کا اظہار رنویر سنگھ نے اپنے شو دا بگ پکچر کی پروموشن سے متعلق کی جانے والی پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ واضح رہے کہ اداکار سلمان خان دا بگ پکچر کے معاون پروڈیوسر بھی ہیں۔رنویر سنگھ نے اس شو کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی پکچر قرار دیا۔ان سے سوال کیا گیا کہ ان کی زندگی کی بڑی پکچر کیا ہے جس پر انہوں نے جواب دیا کہ جس میں میں، میری اہلیہ اور بچے شامل ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں ایک خوبصورت سا گھر چاہوں گا جس میں میری بیوی، بچے اور اہلِ خانہ خوشی کے ساتھ رہیں، ہر کوئی خوش ہو اور صحتمند ہو۔ ایک اور سوال کے جواب میں رنویر سنگھ کا کہنا تھا کہ اگر شو مشہور ہوگیا تو وہ بھی پانویل میں فارم ہاس لیں گے۔ واضح رہے کہ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کا پانویل میں فارم ہاس موجود ہے۔