وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلی سہیل آفریدی اور دیگر پارٹی قیادت کے دورہسندھ کے حوالے سے مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں دورہ سندھ کے شیڈول اور آئندہ کے لائحہ عمل کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں وزیراعلی خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ سمیت پارٹی کی دیگر مرکزی و صوبائی رہنماں نے شرکت کی، انہوں نے کہا کہ وزیراعلی سہیل آفریدی اور دیگر پارٹی قائدین اسٹریٹ موومنٹ کے سلسلے میں 3 سے 7 ستمبر تک سندھ کا پانچ روزہ دورہ کریں گے۔ پارٹی قیادت دورہ سندھ کا آغاز گھوٹکی کے مقام کامو شہید سے کرے گی،انہوں نے کہا کہ 3 سے 6 ستمبر تک سندھ کے مختلف مقامات پر استقبالی کیمپس اور اسٹریٹ موومنٹس کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ وزیراعلی سہیل آفریدی اور پارٹی قیادت مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات سے بھی خطاب کریں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ میں اسٹریٹ موومنٹ کا اختتام 6 ستمبر کو کراچی میں ہوگا، جبکہ 7 ستمبر کو وزیراعلی سہیل آفریدی اور مرکزی قیادت سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام سندھ ہائی کورٹبار میں منعقدہ لائرز کنونشن سے خطاب کریں گے۔شفیع جان نے کہا کہ سندھ کے بعد پارٹی قیادت پنجاب اور بلوچستان کا بھی رخ کرے گی اور ملک گیر عوامی رابطہ مہم کو مزید وسعت دی جائے گی،انہوں نے کہا بانی چئیرمین عمران خان کی ہدایات پر وزیراعلی سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا میں کامیاب اسٹریٹ موومنٹ چلائی اب سندھ کا دورہ پارٹی کی عوامی جدوجہد کو مزید منظم اور فیصلہ کن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ملک گیر اسٹریٹ موومنٹ عمران خان کی رہائی اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی کے حصول کی جدوجہد میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی







