جمعیت علماء اسلام(ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ملک میں نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام کی بحث پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ بات تو کی جا رہی ہے، لیکن کیا اس کے لیے تیاری بھی کی گئی ہے؟سکھر میں جے یو آئی کے جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ صوبوں کی بات چھیڑ دی گئی ہے، تاہم یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اس حوالے سے تیاری موجود ہے یا نہیں۔سربراہ جمعیت کا مزید کہنا تھا کہ سندھ اس معاملے کے لیے بالکل تیار نظر نہیں آتا۔انہوں نے ملکی سیاسی نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں حکمرانی نواز شریف سے آصف زرداری اور زرداری سے نواز شریف تک ہی محدود ہے۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت عوام سے شعور اور سوال کرنے کی طاقت چھیننا چاہتی ہے، تاہم پاکستان کسی ایک فرد کا نہیں بلکہ سب کا وطن ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سے محبت ثابت کرنے کے لیے کسی سرٹیفکیٹ یا اجازت نامے کی ضرورت نہیں۔







