انتہائی افسوسناک واقعہ میں پاکگلی سے بارات لے کر لاہور جانے والی دولہے کی گاڑی ڈھنڈی سیداں، موہری فرمان شاہ کے مقام پر خوفناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق گاڑی بے قابو ہو کر کافی بلندی سے نالہ کہن میں جا گری۔حادثے کے نتیجے میں دو خواتین موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ دلہن سمیت تین افراد شدید زخمی ہوئے، جنہیں انتہائی تشویشناک حالت میں باغ ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی علاقے میں کہرام مچ گیا۔ شادی کی خوشیوں میں شریک خاندان پر اچانک قیامت ٹوٹ پڑی اور چند لمحوں میں شادی کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔حادثے کے باعث اہلِ علاقہ اور باراتیوں میں شدید غم و افسوس پایا جا رہا ہے۔ مزید تفصیلات اور جاں بحق و زخمی افراد کی شناخت تاحال سامنے نہیں آ سکی۔







