آرکائیو ہال پشاور میں کیٹ تھیٹر کلب کے زیرِ اہتمام تھیٹر پلے میں پاکستان ہوں پیش کیا گیا، جسے حاضرین، بالخصوص نوجوانوں اور فیملیز نے بھرپور انداز میں سراہا۔ اس پروڈکشن کو ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کی جانب سے مکمل تعاون حاصل رہا۔تھیٹر پلے میں پاکستان ہوں کے رائٹر باتن فاروقی جبکہ ہدایت کار خالد خٹک تھے۔ پلے میں خیبر پختونخوا کے فنکاروں نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا اور حاضرین کو معیاری و پروفیشنل تھیٹر دیکھنے کا موقع ملا۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے بطور مہمان شرکت کی، جن میں امجد عزیز ملک، شازمہ حریم، امجد ہادی اور ارشد حسین شامل تھے۔ اس کے علاوہ سینئر صحافیوں، فنکاروں، میڈیا نمائندگان اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔پروگرام میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ نوجوانوں نے تھیٹر کو بے حد پسند کیا اور اس بات پر خوشی اور حیرت کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا میں بھی مقامی فنکار اتنے پروفیشنل انداز میں تھیٹر پیش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں تھا کہ صوبے میں اس معیار کا تھیٹر کرنے والے فنکار موجود ہیں۔

حاضرین نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں باقاعدگی سے ہونی چاہئیں کیونکہ تھیٹر کا معاشرے اور خصوصا نوجوان نسل پر اپنا ایک گہرا اور مثبت اثر ہوتا ہے۔ فیملیز اور نوجوانوں نے پلے کو بھرپور انجوائے کیا اور کیٹ تھیٹر کلب کی کاوش کو سراہا۔تقریب کے اختتام پر مرج ایریاز سے تعلق رکھنے والے چار نوجوانوں کو تھیٹر ٹریننگ مکمل کرنے پر سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں کو مثبت اور تخلیقی سرگرمیوں سے جوڑنا اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔اس موقع پر کیٹ تھیٹر کلب کے سی ای او، پلے کے ہدایت کار و اداکار خالد خٹک نے ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے میڈم عاطفہ، ڈائریکٹر عباس آفریدی اور ظہیر صاحب کا بھی شکریہ ادا کیا کہ ان کی جانب سے اس ایونٹ کو بھرپور سپورٹ اور تعاون فراہم کیا گیا۔

میں پاکستان ہوں کی کامیاب پیشکش کا خصوصی کریڈٹ ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبر پختونخوا کو جاتا ہے، جس نے اس پروگرام کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔ نوجوانوں کو تھیٹر، فنونِ لطیفہ اور مثبت تخلیقی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کے تعاون سے نہ صرف ایک معیاری تھیٹر پلے پیش کیا گیا بلکہ مرج ایریاز کے نوجوانوں کو بھی تربیت اور اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کا موقع ملا، جو خیبر پختونخوا میں تھیٹر کے فروغ کی جانب ایک مثبت اور قابلِ قدر قدم ہے۔







