ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے بعد نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے حوالے سے بھی سرگرمیاں تیز ہونے لگی ہیں اور مختلف اضلاع میں ایسی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ریکارڈ مرتب کرنے کے عمل میں تیزی دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے مالکان کو 30 ستمبر تک اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن کرانے کی ہدایات دی جا رہی ہیں جبکہ مقررہ مدت تک رجسٹریشن نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی کی اطلاعات بھی گردش کر رہی ہیں۔تاہم دوسری جانب اس حوالے سے تاحال کوئی واضح اور باقاعدہ سرکاری نوٹیفکیشن یا تفصیلی اعلامیہ سامنے نہیں آیا جس میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کیلئے ڈیڈ لائن، رجسٹریشن کی فیس، طریقہ کار اور عدم رجسٹریشن کی صورت میں کارروائی کی مکمل تفصیلات بیان کی گئی ہوں۔ملاکنڈ ڈویژن میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا معاملہ طویل عرصے سے حساس اور اہم مسئلہ رہا ہیں۔ ماضی میں ان گاڑیوں کا مقامی سطح پر ریکارڈ رکھنے اور رجسٹریشن کا مختلف طریقہ کار رائج رہا جبکہ حکومت کی جانب سے ان گاڑیوں کا ڈیٹا مرتب کرکے انہیں ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوششیں بھی سامنے آ چکی ہیں۔ 2024 میں خیبرپختونخوا ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ملاکنڈ ڈویژن اور ضم شدہ اضلاع میں ایک لاکھ دس ہزار سے زائد نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا ڈیٹا مرتب کیے جانے کی اطلاع دی گئی تھی۔







