ہائیکورٹ بار نے جسٹس (ر) مسرت ہلالی کو ”آئرن وومن” کا خطاب دیدیا

پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مہمان خصوصی جسٹس (ر)مسرت ہلالی، سابق گورنر مسعود کوثر سمیت سینئر وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر)مسرت ہلالی نے کہا کہ وکلا ان کی طاقت ہیں اور انہوں نے ہمیشہ وکلا کی جانب سے ملنے والی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے۔ بار نے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا، جس پر وہ بار کی شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہا کہ وکلا سیاست میں ہمیشہ اچھے اور باکردار وکلا کی حمایت کی۔ سوشل میڈیا پر چلنے والی مہمات کی انہیں کوئی پرواہ نہیں، انہیں اپنے فیصلوں پر ہمیشہ فخر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی کسی شخصیت کے خلاف ذاتی بنیاد پر فیصلے نہیں کیے اور نہ ہی کسی سے ذاتی دشمنی ہے۔سابق گورنر مسعود کوثر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکالت ایک انتہائی اہم اور باوقار پیشہ ہے، جسے ایمانداری اور دیانت داری سے ادا کرنا ضروری ہے۔ وکالت کے شعبے نے ملک کو بہترین قانون دان فراہم کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ، عدلیہ اور الیکشن کمیشن سمیت تمام ادارے ڈمی بن گئے ہیں۔ وہ عدلیہ میں سیاست اور بندر بانٹ کے سخت مخالف ہیں۔ جسٹس (ر)مسرت ہلالی ایک بہادر خاتون ہیں اور انہوں نے اپنے فرائض جرات مندی سے انجام دیے۔پشاور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر امین الرحمان یوسفزئی نے مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر)مسرت ہلالی نے عدلیہ میں اپنے فرائض بخوبی انجام دیے اور وکلا سیاست میں بھی بہترین کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ جسٹس مسرت ہلالی نے عدلیہ بحالی کی تحریک میں بھی بھرپور اور قائدانہ کردار ادا کیا، جسے وکلا برادری قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔تقریب کے اختتام پر سینئر وکلا کو ان کی طویل اور نمایاں خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز دیے گئے، جبکہ جسٹس (ر)مسرت ہلالی کو ان کی جرات مندانہ اور اصولی جدوجہد کے اعتراف میں آئرن وومن کا خطاب بھی دیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Fill out this field
Fill out this field
براہ مہربانی درست ای میل ایڈریس درج کریں۔
You need to agree with the terms to proceed