الخدمت فائونڈیشن نے ملک بھر کی یونیورسٹیوں اور کالجز میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کو خدمتِ خلق کے شعبے میں رضاکارانہ خدمات کے مواقع فراہم کرنے کے لیے الخدمت سمر انٹرن شپ پروگرام کا اجرا کر دیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت سوشل ورک میں دلچسپی رکھنے والے طلبہ و طالبات کو چھ ماہ کی انٹرن شپ فراہم کی جائے گی۔انٹرن شپ کے دوران طلبہ و طالبات کو الخدمت کے مختلف منصوبوں جیسے آرفن کیئر پروگرام، آغوش ہومز، سٹریٹ چلڈرن سینٹرز، تھیلیسیمیا کے مریضوں کے لیے مفت بلڈ ڈونیشن کیمپس، آٹ آف سکول بچوں کا ڈیٹا تیار کرنے سمیت دیگر فلاحی سرگرمیوں میں عملی شرکت کا موقع ملے گا۔ اس کے علاوہ کسی بھی قدرتی آفت یا ہنگامی صورتحال میں الخدمت فانڈیشن کے ساتھ مل کر متاثرین کو مفت ریلیف فراہم کرنے میں بھی حصہ لیں گے۔ان خیالات کا اظہار نشتر ہال پشاور میں الخدمت سمر انٹرن شپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور صوبائی صدر خالد وقاص نے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا وسطی عبدالواسع نے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں میں خدمتِ خلق کے حوالے سیرضاکارانہ جذبے کو وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے ایک صحت مند اور خوشحال معاشرہ ناگزیر ہے، اور ایسا معاشرہ اجتماعی کاوشوں اور بے لوث رضاکارانہ خدمات کے ذریعے ہی تشکیل پاتا ہے۔تقریب کے دوران مختلف سرکاری و نجی جامعات کے وائس چانسلرز کے مابین ایک مجلسِ مذاکرہ بھی منعقد ہوئی، جس میں زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شیرزمین خان، قرطبہ یونیورسٹی پشاور کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمن قریشی، شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر زینب امین، سٹی یونیورسٹی کے ڈین آف مینجمنٹ سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نوید علی، اور ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کے سپیشل سیکرٹری فضل حسین نے طلبہ کی شخصیت سازی میں رضاکارانہ خدمات کی اہمیت پر اظہار خیال کیا۔معروف اینکر لحاظ علی نے مجلسِ مذاکرہ کی میزبانی کے فرائض انجام دیے۔ پروگرام کے اختتام پر معزز مہمانان کو یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔







